بنگلورو،12؍دسمبر(ایس او نیوز) ایک طرف بیف کا کاروبار کرنے اور بیف استعمال کرنے والے اس خوش فہمی میں ہیں کہ کانگریس اور جے ڈی ایس کی مشترکہ حکمت عملی سے انسداد گؤ کشی بل ریاستی قانون ساز کونسل میں پیش ہونے نہیں دیا گیا -اب اگلے دو تین ماہ یعنی بجٹ سیشن تک راحت مل گئی ہے - لیکن وزیر اعظم نریندرمودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ کو خوش کرنے کا عہد کرنے والی ریاستی بی جے پی حکومت کہاں خاموش بیٹھنے والی -آخرکار جس کا خدشہ تھا وہی ہوا۔ریاستی اسمبلی میں پاس انسداد گؤ کشی قانون کو ریاست کرناٹک میں نافذ کرنے اب بی جے پی حکومت ایک آرڈی ننس جاری کرے گی جس کے بعد پوری ریاست میں انسداد گؤکشی قانون نافذ کردیا جائے گا-ریاستی وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپانے آج کہاکہ ریاستی قانون ساز کونسل کا اجلاس کل غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیا گیا جس کی وجہ سے حکومت انسداد گؤکشی بل کونسل میں پیش نہ کرسکی اس قانون کو ریاست میں نافذ کرنے حکومت آرڈی ننس جاری کرے گی-کل کونسل چیرمین کے پرتاپ چندرا شیٹی کے اچانک کونسل اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے کے فیصلہ پر اپنے تاثرات ظاہرکرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت نے منگل کے دن کونسل اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اوراس سلسلہ میں ریاستی گورنر کو بھی عرضی دی جائے گی-شٹیی نے چہارشنبہ کے دن ان کے خلاف بی جے پی کی جانب سے ایوان میں تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کی کوشش کو یہ کہتے ہوئے نظرانداز کردیا کہ اس معاملہ میں قانونی صلاح لینی ہے تحریک عدم اعتماد کو 14 دنوں کی نوٹس کی بعد ہی لیا جاسکتا ہے -کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت کے دور اقتدارمیں شیٹی کوکونسل چیرمین منتخب کیا گیا تھا-اس وقت حکمران بی جے پی کونسل میں 31/ اراکین کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی ہے - اس کے بعد کانگریس کے 29 /اراکین ہیں جن میں چیرمین بھی شامل ہیں -جے ڈی ایس کے 14/ اراکین کی تعداد ہے اورایک آزاد رکن-ذرائع کے مطابق بی جے پی چیرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے مقصد سے منگل کے دن کونسل اجلاس طلب کرنا چاہتی ہے جس میں جے ڈی ایس کی تائید بھی حاصل کی جائے گی-ایڈی یورپا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ انسداد گؤکشی پر ہم آرڈی ننس جاری کریں گے -آپ تمام جانتے ہیں کہ اس بل کو کونسل میں پیش کرنے چیرمین نے تعاون نہیں کیا اس لئے ہم آرڈی ننس جاری کریں گے -
گائے کی پوجا:کل صبح ودھان سودھا کے احاطہ میں ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات اور پنچایت راج ایشورپا نے گائے کی پوجا کی تھی -آج جمعہ کے دن صبح وزیراعلیٰ ایڈی یورپا نے اپنی سرکاری رہائش گاہ کاویری میں گائے کی پوجا کی- پوری دنیا میں یہ مشہور ہے کہ ہندوستان میں ہندو دھرم میں گائے کو ماتا مانا جاتا ہے -ہندوستانی کلچر میں گائے کو ایک اثاثہ اور آمدنی کا ذریعہ مانا جاتا ہے - ریاستی اسمبلی میں چہارشنبہ کے دن کرناٹک انسداد گؤکشی اور انسداد بڑے جانور بل کو پاس کردیا تھا اس طرح سے قانون زیادہ مضبوط بن گیا ہے - حالانکہ حکمران پارٹی نے کل جمعرات کے دن صرف اسمبلی اجلاس کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے کا منصوبہ بنایا تھا -کونسل کو 15 دسمبر تک چلانے کا منصوبہ تیار کیا تھا تاکہ انسداد گؤ کشی بل کونسل میں بھی پاس کرلیا جائے لیکن کونسل چیرمین نے حکمران پارٹی کے ارادوں پر پانی پھیردیا -
کرناٹک کے حالات مختلف:اترپردیش اور مدھیہ پردیش کے مقابلہ کرناٹک کے حالات مختلف ہیں -ویسے ہندوستان بھر میں گائے کے ذبیحہ پر پہلے ہی سے پابندی ہے جس پرکرناٹک میں بھی عمل ہورہا ہے لیکن اب بھینس کے علاوہ دیگر تمام بڑے جانوروں کے ذبیحہ پر آرڈی ننس کے ذریعہ پابندی عائد کردی گئی تو کسانوں کو سب سے بڑا نقصان ہوگا- بڑے جانور ایک عمر پر پہنچنے کے بعد زراعت کے کام نہیں آئیں گے انہیں رکھ کر ان کے کھانے پینے اوردیکھ بھال کا بوجھ کسان برداشت نہیں کرسکیں گے -بیف کا زیادہ استعمال کرنے والے مسلمان نہیں دیگر طبقات ہیں جیسے دلت،کمزور طبقات اور عیسائی وغیرہ- ہاں چند مسلمان اس کاروبار میں ضرور ہیں جن کی چھوٹی موٹی بیف کی دکانیں ہیں -بیف کا ایکسپورٹ کرنے والی تمام بڑی کمپنیوں کے مالک ہندو ہیں اگر اس مرحلہ پر چند مہینے بیف کی دکانیں چلانے والے خاموش رہیں تو ریاست میں کسان اور بیف کا استعمال کرنے والے خاموش نہیں بیٹھیں گے - بی جے پی حکومت کے خلاف سڑکوں پر اترآئیں گے - اب بیف کے نام سے صرف مسلمانوں کو جوڑا جارہا ہے اس داغ کو مٹانے کیلئے قریش برادری کو ایک حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے -